26-12-2020:پریس ریلیز
پاکستان کسان مزدور تحریک (پی کے ایم ٹی) نے 26 دسمبر، 2020 کو کورونا وباء کو مدنظر رکھتے ہوئے تیرہواں سالانہ اجلاس آن لائن منعقد کیا جس میں ملک بھر کے مختلف اضلاع سے پی کے ایم ٹی کے چھوٹے اور بے زمین کسان مزدوروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ارکان نے شرکت کی۔
ڈاکٹر عذرا طلعت سعید، روٹس فار ایکوٹی نے عالمی اور ملکی سطح پر کورونا کے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سرمایہ دارانہ نظام ہی کورونا وباء کا ذمہ دار ہے۔ ابھی ہم ایک وباء سے نہیں لڑپارہے اور دنیا بھر کے سائنسدانوں کی پیشنگوئی ہے کہ اب اس طرح کی کئی وبائیں آئیں گی کیونکہ سرمایہ دارانہ ہوس نے جنگلوں کو ختم کیا ہے اور یہ وبائیں زیادہ تر وہیں پائی جاتی ہیں۔ جنگلات کی کٹائی کے نتیجے میں اب یہ وبائیں انسانی آبادیوں میں جانوروں کے زریعے پھیل رہی ہیں۔
اس بحران نے اب دیگر بحرانوں کو جنم دیا ہے جس میں اقتصادی بحران مزدور کسان کے لیے وباء سے زیادہ سنگین صورتحال پیدا کررہا ہے۔ یہ وہ ہتھکنڈہ ہے جو اجارہ داری کی بنیاد پر سرمایہ داری کو بھاری بھرکم منافع کمانے کے لیے مواقع فراہم کر رہا ہے جبکہ مزدوروں کو اس وباء، بیروزگاری اور بھوک کے اندھے کنویں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ اب ہماری سرمایہ داروں کی غلام ریاستیں اس وباء کو روکنے اور عوامی ضروریات پوری کرنے کے لیے درکار مالی، مادی اور انسانی وسائل استعمال کرنے کے لیے اپنا اختیاراستعمال کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ عالمی سطح پر امیر سرمایہ دار ممالک اپنی دولت اور ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے کورونا کے خلاف ویکسین تیار اور ترسیل کرکے بے تحاشہ منافع کمانے میں کامیاب نظر آرہے ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام دعویٰ کرتا ہے کہ اس نظام میں سب کو یکساں رسائی حاصل ہوتی ہے لیکن کورونا ویکسین سے اس نظام کا یہ مکروہ فریب بھی کھل کر سامنے آگیا ہے کیونکہ یہ نظام طبقات پر مبنی ہے۔ جو زیادہ سے زیادہ دولت رکھتا ہے سہولیات بھی سب سے پہلے اسے ہی میسر آتی ہیں۔ Continue reading