گولیاں تم پر چلانے والے اب تک زندہ ہیں ۔۔۔ سکرنڈ  کے شہیدوں کو  سلام

پریس ریلیز

پاکستان کسان مزدور تحریک (پی کے ایم ٹی) سکرنڈ، ضلع شہید بینظیر آباد میں رونما ہونے والے اندوہناک واقعہ کی پر زور مذمت کرتی ہے جس میں بے گناہ، نہتے ہاریوں کو دن دھاڑے ریاستی جبر و تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جرم ثابت ہونے سے پہلے ہی عوام کے محافظوں  نے قانون اپنے ہاتھ لیتے ہوئے گاؤں باسیوں کو سزا کی بھینٹ چڑھا دیا۔ غریب اور مفلوک الحال شہریوں پر اس بھیانک دلیری کا مظاہرہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نہیں ہوا ہے۔ 8 جنوری، 1953کو طالبعلموں پر ہونے والی فائرنگ (27 افراد جاں بحق)، 1968 کی طلبہ، مزدور اور کسان تحریک کو کچلنے کی کوشش(240 افراد جاں بحق)، 1969-1971 کی مزدور تحریک میں مزدوروں پر تشدد، 1972 میں مزدوروں اور  1978 میں ورکرز کالونی میں مزدوروں کے قتل عام کے ساتھ ساتھ انجمن مزارعین پنجاب اور دیگر مزدور و کسان تحریکوں کو کچلنے اور درجنوں واقعات ہتھیار بند، مسلح افراد کی بربریت اور جارحیت امن کے منہ پر طمانچہ ہے۔جبکہ دوسری جانب خوراک کے مصنوعی بحران کو وجہ بناتے ہوئے کارپوریٹ ایگریکلچر کے نام پر حالیہ مہینوں میں پاکستان آرمی کو45000  ایکڑ زمین کی منتقلی کی گئی اور سامراجی موسمی بحران کو وجہ بناتے ہوئے زراعت میں جدت کے نام ، امریکہ بہادر کی ایما ء پر Green Initiative اور Climate Resilient Seed & Technology  کو زبردستی لاگو کر کے کسانوں کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے ۔پاکستان کسان مزدور تحریک  عوام بالخصوص کسان مزدور کو یہ باو ر کرادینا چاہتی ہے کہ اگر ان سامراجی ہتھکنڈوں کے خلاف مزاحمت نہیں کی گئی  تو  آنے والے دنوں  میں ان ناانصافیوں میں مزید اضافہ ہو تا رہے گا۔

پاکستان کے محنت کش کسان اور مزدوروں کی حالت موجودہ سیاسی اور معاشی منظرنامے میں کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، بے زمینی اور جاگیردارانہ و نیو لبرل پالیسیوں نے عوام کا جینا مشکل کر رکھا ہے۔ ان حالات میں جہاں ریاست کو معاشی استحکام کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے زمینوں کی منصفانہ اور مساویانہ تقسیم کرنی چاہیے وہاں ہاریوں کو زمین سے بے دخل ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور عوام کی جانب سے سر تسلیم خم نہ کرنے پر انہیں تشدد  کا نشانہ بنایا جارہا  ہے۔ یہ واقعہ ریاست کے لیے باعث شرم ہے۔ ساتھ ہی ساتھ محنت کش عوام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

پاکستان کسان مزدور تحریک حکومت وقت، عدلیہ اور قانون نافظ کرنے والے اداروں سے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دیکر انہیں عبرت کا نشانہ بنانے کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ پھر کسی بھی طاقتور کو اپنی طاقت کا غیر قانونی استعمال کرنے سے خوف آئےاور اس ملک کے شہری سکون کا سانس لے سکیں۔ پی کے ایم ٹی مطالبہ کرتی ہے کہ قوانین کو عوام بالخصوص مزدور و کسان دوست اور ان کی حفاظت اور خوشحالی کو مد نظر رکھتے ہوئے بنائے جائیں اور ان تمام قوانین اور اختیارات کا فی الفور خاتمہ کیا جائے جو اپنے ہی ملک میں اپنے ہی شہریوں کو یرغمال بنانے کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔  ہم اس ریاست سے ماں کا جیسا سلوک روا رکھنے کی امید اور مطالبہ کرتے ہیں۔ پاکستان کسان مزدور تحریک پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ ریاست آئین کی پاسداری کرتے ہوئے ہر شہری کے لیے روزگار، خوراک، چھت، صحت ، تعلیم اور تحفظ کی فراہمی  کو یقینی بنائے۔

جاری کردہ : پاکستان کسان مزدور تحریک

PKMT Press Release Sarkand Incident