سامراجی جنگوں، قرضوں ، موسمی بحران اور عدم مساوات کے خلاف عوامی محاذ

پریس ریلیز | 15 مئی 2025

پاکستان کسان مزدور تحریک(پی کے ایم ٹی )    ضلع شکارپور نے  چھٹا ضلعی اجلاس شکارپور سامراجی جنگوں، قرضوں، موسمی بحران اور عدم مساوات کے خلاف عوامی محاذ عنوان سے انعقاد کیا، جس کا مرکزی موضوع “یوم نکبہ” تھا۔ اس اجلاس کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا، ان کی آزادی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا، اور سامراجیت و صیہونیت کے خلاف عالمی مزاحمت کی حمایت کرنا تھا۔ اس موقع پر مقامی کسانوں، مزدوروں، سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔

یوم نکبہ فلسطینی عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب 1948 میں صیہونی ریاست کے قیام کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینیوں کو جبراً بے دخل، بے گھر اور شہید کیا گیا۔ اس دن کی یاد منانا نہ صرف فلسطینیوں کے حق واپسی اور آزادی کے مطالبے کو اجاگر کرتا ہے بلکہ دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کی علامت بھی ہے۔ اجلاس میں مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ نکبہ ایک جاری حقیقت ہے، جس کی شکلیں آج بھی غزہ، مغربی کنارے اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں نسل کشی، محاصرے، جبری نقل مکانی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی صورت میں جاری ہیں۔

اجلاس  کے دوران مقامی کسانوں اور مزدوروں کو درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی گئی، جن میں موسمیاتی تبدیلی، معاشی بحران، گندم کے نرخ، پانی کا غیر مساویانہ تقسیم ، پائیدار زراعت، اور زرعی شعبے میں کارپوریٹ فارمنگ کے منفی اثرات شامل تھا۔ مقررین نے کہا کہ مقامی اور عالمی سطح پر کسانوں اور مزدوروں کو سامراجی پالیسیوں  ملٹی نیشنل کمپنیوں کے قبضہ اور معاشی جبر کا سامنا ہے، جو ان کے وسائل اور حقوق کو مسلسل  لوٹ مار کر رہا ہے۔ اس موقع پر متحدہ عوامی محاذ کی تشکیل کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا گیا، تاکہ کسانوں، مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کو مضبوط بنایا جا سکے۔

مقررین نے عالمی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ اور یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف جاری ظلم و بربریت کو روکنے میں عملی کردار ادا کریں اور اسرائیل کی فوجی و مالی امداد بند کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر بھی کسانوں اور مزدوروں کے لیے پائیدار حل، معاشی انصاف اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا مطالبہ کیا گیا۔

پی کے ایم ٹی  مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت فی الفور تمام سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ اور سامراجی پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی شرائط کو ماننے سے انکار کردے۔ یہ شرائط اس قرضہ کی بنیاد پر ہیں جو ہمارے ملک کی مٹھی بھر اشرافیہ نے اپنی عیاشی کے لیے لے رکھا ہے۔ پی کے ایم ٹی پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت فوری طور پر زراعت اور زرعی مداخل پر سبسیڈی دی جائے خاص کر بجلی اور پٹرول اور اس کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں کو فوری کم کرے  اور کسان اور مزدور طبقے کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے تاکہ پاکستان میں موجود وسائل خصوصاً زمینوں کی مساویانہ اور منصفانہ بنیادوں پر تقسیم کیا جاسکے اور ملک کو اس بدحالی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

پاکستان کسان مزدور تحریک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ مکمل یکجہتی جاری رکھے گی اور مقامی سطح پر کسانوں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید منظم اور مضبوط کرے گی۔اجلاس  کے اختتام پر یہ پیغام دیا گیا کہ فلسطینی مزاحمت دہشت گردی نہیں بلکہ بقا کی جنگ ہے، اور دنیا بھر کے انصاف پسند لوگوں کو چاہیے کہ وہ اس جدوجہد میں فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

جاری کردہ  :پاکستان کسان مزدور تحریک 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *